۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
آیت‌ الله احمد جنتی

حوزہ / گارڈین کونسل کے سکریٹری نے امریکی حکمرانوں کی ایرانی عوام کے ساتھ ہمدردی کو ان کا مکر و فریب قرار دیتے ہوئے کہا: وہ کبھی بھی ایرانی قوم پر ڈھائے جانے والے مظالم کی تلافی کے لیے کسی بھی قسم کا کوئی قدم اٹھانے کے لیے تیار نہیں ہوئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی گارڈین کونسل کے سکریٹری آیت اللہ احمد جنتی نے حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا: حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کے اہم پروگرامز میں سے ایک شیعہ معاشرے کو عصرِ غیبت میں لے جانے کے لئے آمادہ کرنا تھا۔

انہوں نے کہا: دورۂ غیبتِ صغریٰ کے لئے جو اقدامات انہوں نے انجام دئے وہ فیصلہ کن تھے۔ امامِ غائب کے ساتھ مخفیانہ ارتباط کے لئے نوّابِ اربعہ کا انتخاب، معتبر علمی ذرائع کو متعارف کرانا اور اسلامی معاشرہ کو مہدیت کے بارے میں لکھی گئی احادیث کی کتابوں سے آشنا کرنا، شاگردوں کی تربیت اور شیعہ بزرگوں کو خطوط امام حسن عسکری علیہ السلام کے ان اقدامات میں سے تھا جن سے شیعوں کو مہدویت کے موضوع سے آشنا کیا جا سکے اور غیبت کے دور کی بنیاد رکھی جا سکے۔

آیت اللہ جنتی نے کہا: 13 آبان کا دن ان واقعات کی برسی کے طور پر ہے کہ جن واقعات نے اس دن کو ملکی تاریخ میں ایک اہم دن بنا دیا ہے۔ سال 1343شمسی (نومبر 1964ء) کو اسی دن حضرت امام خمینی (رہ) کی جلاوطنی جیسا واقعہ، 1357 (1978ء) میں پہلوی حکومت کے ایجنٹوں کے ہاتھوں طلباء کا قتل عام اور 13 آبان 1358 شمسی کو ہی حضرت امام (رح) کے مطیع طلباء کا امریکی جاسوسی کے اڈے پر قبضہ کرنے جیسے مسائل تاریخ کے اہم ترین دنوں میں سے شمار ہوتے ہیں ہیں۔

انہوں نے کہا: اگر نوجوانوں کے سامنے ان واقعات کو اچھی طرح سے بیان کیا جائے تو وہ امریکی حکومت کی استکباری نوعیت کو بہتر طور پر سمجھ سکیں گے۔ ایران کی 100 سالہ تاریخ امریکی سیاستدانوں اور ان کے حامیوں کے ایرانی لوگوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور جرائم سے بھری پڑی ہے۔

آیت اللہ جنتی نے امریکی حکمرانوں کی ایرانی عوام کے ساتھ ہمدردی کو ان کا مکر و فریب قرار دیتے ہوئے کہا: وہ کبھی بھی ایرانی قوم پر ڈھائے جانے والے مظالم کی تلافی کے لیے کسی بھی قسم کا کوئی قدم اٹھانے کے لیے تیار نہیں ہوئے۔

ایرانی گارڈین کونسل کے سکریٹری نے کہا: جمہوری اسلامی ایران کے دشمن ہمارے جوانوں اور نوجوانوں کی بیداری سے خوفزدہ ہیں، اسی وجہ سے وہ ان کو دھوکہ دینے کے لیے عظیم سرمایہ کاری انجام دیتے ہیں۔

آیت اللہ جنتی نے آخر میں شیراز میں حالیہ دہشت گردی کے واقعہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: یہ واقعہ بہت ہی دل دہلا دینے والا تھا اور اس نے اس کے مرتکب افراد کی شرارت، رذالت، بددیانتی اور اس واقعہ کے عاملان و مسببان کی خبیث نیتوں کو ایک بار پھر ظاہر کر دیا ہے۔ بلاشبہ یہ دہشت گرد ملک کے اندر اپنے دیگر مذموم مقاصد کی تلاش میں تھے جنہیں سکیورٹی، انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی چوکسی نے ناکام بنا دیا اور الحمدللہ آج ملک میں امن و امان قائم ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .